
فوٹو: فائل
پاکستان تحریک انصاف نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس اس غیر ذمہ دارانہ سلسلے کا تسلسل ہے جو کہ کئی دنوں سے وزراء بھی دیتے آرہے ہیں ۔
پی ٹی آئی کی جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے جس لہجے میں عمران خان اور ان کے خاندان کا ذکر کیا ، وہ کسی بھی طرح ملک کے ایک اہم ترین ادارے کے شایان شان نہیں ، افسوس ہے کہ ماضی کی طرح آج بھی تاثر دیا جارہا ہے کہ سیاسی بحران کا ذمہ دار عمران خان ہیں ، سیاسی جماعتوں کے احترام کے دعوے صداقت پر مبنی ہوتے تو زبان اور انداز مختلف ہوتا ، پی ٹی آئی واضح کرتی ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم کے بارے میں اس طرح کی زبان کسی ادارے کی پیشہ ورانہ روایت کا حصہ نہیں ۔
بیان میں مزید کہا گیا ڈی جی آئی ایس پی آر نے بار بار کہا کہ ایک شخص (عمران خان) ریاست کے لیے خطرہ ہے ، لیکن حقیقت یہ ہے ریاست اس وقت کمزور ہوتی ہے جب آئین کو پس پشت ڈال دیا جائے ، میڈیا پر قدغن لگائی جائے ، اختلاف رائے کو جرم بنا دیا جائے اور جب خوف کی فضا قائم کر کے سچ کو دبایا جائے ۔
امن کے موجودہ صورت حال پر پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک طرف پاکستان دہشتگردی سے دوچار اور پاک – افغان کشیدگی جاری ہے ، اس وقت غیر ضروری پریس کانفرنس کرنا قوم کے لئے ناقابل فہم ہے ۔










