
فوٹو : سوشل میڈیا
لاہور : امیر بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو پولیس اور مسلح افراد کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، رحیم یار خان کے قریب اس وقت جھڑپ ہوئی جب سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ) کے افسران اشتہاری ملزم طیفی بٹ کو لاہور منتقل کر رہے تھے۔ دورانِ سفر ملزم کے ساتھیوں نے اچانک پولیس قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق، تقریباً سات سے آٹھ حملہ آور دو گاڑیوں پر سوار ہوکر آئے اور ملزم کو چھڑانے کی کوشش کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہوگیا۔
طیفی بٹ کی لاش کو ٹی ایچ کیو اسپتال صادق آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ کو چند روز قبل دبئی سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ہی اسے متحدہ عرب امارات سے پاکستان لایا گیا تھا تاکہ امیر بالاج قتل کیس میں تفتیش مکمل کی جا سکے۔






