انڈیا کی ریاست ہریانہ اور ریاست پنجاب کی پولیس نے گذشتہ روز پاکستانی حکام کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں چند افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں یوٹیوبر جیوتی ملہوترا اور دیویندر سنگھ بھی شامل ہیں۔
جیوتی ملہوترا کا تعلق ہریانہ کے شہر حصار سے ہے اور وہ ایک ٹریول بلاگر اور یوٹیوبرہیں۔ ان کے علاوہ ہریانہ کے شہر کیتھل کے مست گڑھ گاؤں سے 25 سالہ دیویندر سنگھ، پنجاب کے مالیرکوٹلا سے ایک خاتون اور ایک نامعلوم شخص کو گرفتار کیا گيا ہے۔
انڈین سوشل میڈیا پر ان لوگوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے انفلوئنسر جیوتی ملہوترا کے یوٹیوب اور انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔ جیوتی کو پانچ دن کے لیے پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا گیا ہے۔
دونوں ریاستوں کی پولیس سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ان افراد پر الزام ہے کہ وہ بعض پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں تھے اور انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف کیے جانے والے ’آپریشن سندور‘ سے متعلق معلومات ان کے ساتھ شیئر کر رہے تھے۔