
فوٹو: سوشل میڈیا
اوپن اے آئی نے پاکستان میں چیٹ جی پی ٹی کا نیا اور سب سے سستا پلان متعارف کروا دیا۔
چیٹ جی پی ٹی کے سربراہ نک ٹورلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صارفین کی جانب سے ایک سستی سبسکرپشن کا مطالبہ بڑھ رہا تھا، جس کے جواب میں کمپنی نے یہ نیا پلان اپنے صارفین کے لیے پیش کیا ہے۔
یہ نیا پلان پہلے بھارت اور انڈونیشیا میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اب اسے پاکستان، افغانستان، بنگلادیش، بھوٹان، برونائی، کمبوڈیا، لاؤس، ملائیشیا، مالدیپ، میانمار، نیپال، فلپائن، سری لنکا، مشرقی تیمور اور ویتنام سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی گو کا مقصد صارفین کو کمپنی کے جدید ماڈل جی پی ٹی 5 تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس ورژن میں مفت چیٹ جی پی ٹی کے تمام فیچرز کے ساتھ اضافی سہولیات جیسے زیادہ امیجز جنریٹ کرنے کی صلاحیت، فائل اپ لوڈز، ایڈوانسڈ ڈیٹا اینالسس اور دیگر خصوصیات شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی گو میں صارفین کو مفت ورژن کے مقابلے میں زیادہ چیٹس اور ٹولز لِمٹس بھی دی گئی ہیں۔
پاکستان میں اس پلان کی ماہانہ فیس 1400 روپے (تقریباً 5 ڈالر) مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں چیٹ جی پی ٹی پلس 5700 روپے، پرو پلان 49,900 روپے اور بزنس پلان 8,499 روپے ماہانہ میں دستیاب ہے۔
یاد رہے کہ 2022 میں متعارف ہونے کے بعد سے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال دنیا بھر میں تیزی سے بڑھا ہے، اور اب اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 80 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق مئی 2025 میں ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں کم آمدنی والے ممالک میں چیٹ جی پی ٹی کا استعمال چار گنا زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
