
فوٹو: فائل
آرمی چیف عاصم منیر کے لیے عمران خان کا پیغام ، علی امین گنڈاپور کو خصوصی ہدایات دے دی
عمران خان نے جیل میں اپنی فیملی سے ملاقات کے دوران کہا کہ میری زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے ، ہمارا ایمان ہماری حقیقی آزادی کا ضامن ہے ، دباؤ بڑھانے کے باوجود بھی جھکوگا نہیں ، علی امین گنڈاپور کو ہدایت کرتا ہوں کہ افغانستان جاکر باہمی مسائل اور امن و امان پر بات کریں اور خیبرپختونخوا میں ڈرون حملے اور آپریشن کے خلاف مزاحمت کریں ۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے توڑنے کی کوشش میں مسلسل قید تنہائی میں رکھا جارہا ہے ، میری ذاتی ڈاکٹر کو معائنے کی اجازت نہیں ، ٹی وی اور اخبارات تک بند کردئیے جاتے ہیں ۔ رفقاء اور وکلاء کو ملاقات سے روکا جاتا ہے ، لیکن عاصم منیر کو میرا پیغام ہے دباؤ بڑھنے یا میرے خاندان کے لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے سے بھی جھکوں گا نہیں اور حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رکھوں گا ۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا عاصم منیر افغانستان حکومت کے خلاف لابی کو خوش کرنے میں کم عقلی کا مظاہرہ کررہے ہیں ، میرا دل اس پر بھی رنجیدہ ہے کہ دہائیوں کی مہمان نوازی کے باوجود ہم اپنے افغان بھائیوں کو دھکے مار کر نکالنے پر مجبور کررہے ہیں ۔ حالانکہ حالیہ زلزلے کے بعد ہمیں ان کی مدد کرنی چاہیے ۔
اس کے ساتھ وزیر اعلی خیبرپختونخوا کےلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ امارت اسلامیہ جاکر باہمی مسائل اور امن کے حوالے سے بات کریں تاکہ حالات کو مزید بگاڑ سے بچایا جا سکے ، خیبرپختونخوا کے امن و امان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن اور ڈرون حملوں سے دراصل تحریک انصاف کی حکومت کو غیر مقبول کرنے کا منصوبہ ہے گنڈاپور اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں ، صوبے کی عوام پہلے ہی سیلاب سے تباہ حال ہے ۔ کے پی اور پنجاب کے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے ، پوری قوم یکجا ہوکر اور دل کھول کر سیلاب متاثرین کا ساتھ دیں۔











