
فوٹو : سوشل میڈیا
پشاور ، ایل ایس نیوز – الخدمت فاؤنڈیشن نے افغانستان کے صوبے کنڑ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کے لیے لاکھوں روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کردیا ۔ 5 ٹرکوں پر مشتمل اس امداد کو افغان بارڈر طورخم پر افران حکام کے حوالے کیا گیا ۔
امدادی سامان میں 200 خیمے ، 500 فوڈ پیکجز ، 500 ترپالیں ، 500 ونٹر پیکج اور صاف پانی کے 3000 کارٹن شامل ہیں ۔ صوبائی صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر خالد وقاص نے یہ سامان امارات اسلامیہ افغانستان کے نمائندے مولوی سید محمد فائز قادری کے حوالے کیا ۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل افغانستان میں ہولناک زلزلے سے دو ہزار دو سو سے زائد افراد جاں بحق ، تین ہزار سے زائد زخمی اور آٹھ ہزار سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں ۔
متاثرہ علاقوں میں امداد کی ضرورت کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن کے حکام نے افغان قونصل جنرل سے ملاقات کی تھی جس میں امداد کی پیش کش کے ساتھ درکار اشیاء کی فہرست طلب کی تھی ۔
واضح رہے کہ زلزلے کے بعد افغانستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت بھی متاثرین کے لیے امدادی سامان بھیج چکی ہیں ، اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔










