
فائل فوٹو
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور طویل عرصے تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہنے والے آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔
ایک ماہ قبل برین ہیمبرج مبتلا ہونے کے باعث آغا سراج کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ چند روز قبل دوبارہ ان کی طعیبت ناساز ہو گئی تھی تاہم آج ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔
ایوان صدر نے بھی ان کے انتقال کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج عقیدت پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سابق اسپیکر سندھ اسمبلی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی کافی خدمات سر انجام دیں، ان کی سیاسی اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے، آغا سراج نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا، مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آغا سراج درانی 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہے، وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر بھی فائز رہے تھے۔
آغا سراج درانی چار دہائیوں سے زائد پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، 1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہے، ان کا شمار شہید بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے با اعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔











