اتوار کا دن تھا اور تقریباً دوپہر دو بجے کا وقت تھا۔ پاکستان میں سندھ کے ضلع بدین کی تحصیل ماتلی میں ایک شخص حجام کی دُکان سے بال کٹوا کر نکل رہا تھا تاکہ باہر کھڑی اپنی آلٹو گاڑی میں بیٹھ کر اگلی منزل کی جانب روانہ ہو سکے۔
ابھی وہ گاڑی کا دروازہ کھول ہی رہے تھے کہ وہاں ایک ون ٹو فائیو موٹرسائیکل پر تین مسلح افراد آئے جنھوں نے چہرے پر ماسک پہنے ہوئے تھے۔ اِن افراد میں سے دو نے اپنی پستولیں نکالیں اور حجام کی دُکان سے باہر آنے والے شخص کو گولیاں مار کر وہاں سے فرار ہو گئے۔
تھوڑی ہی دیر میں جائے وقوعہ پر ایک ہجوم اکٹھا ہو گیا اور جلد ہی اس شخص کی شناخت ’معروف سیاسی و سماجی شخصیت‘ رضا اللہ نظامانی کے طور پر ہو گئی۔ اس وقوعے کے بعد مقامی افراد کی جانب سے چند ویڈیوز بھی بنائی گئیں جن میں گولیاں لگے ایک شخص کو زمین پر بے حس و حرکت پڑے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم بی بی سی آزادانہ ذرائع سے ان ویڈیوز کی تصدیق نہیں کر سکتا ہے۔