خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ ، شہداء کے اہلخانہ کے لیے ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ مختص ‎

فوٹو: فائل

پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے دہشتگردی کے واقعات میں دوران خدمت شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کے لیے سرکاری نوکریوں میں خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اس سلسلے میں ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔

‎نوٹیفیکیشن کے مطابق اگر کوئی سرکاری ملازم دہشتگردی کے واقعے میں دوران ڈیوٹی شہید ہوجائے تو اس کے اہل خانہ میں سے بیوہ یا ایک بچہ سرکاری ملازمت کا اہل ہوگا ، بشرطیکہ کہ وہ مقررہ تعلیمی معیار پر پورا اترتا ہو ۔

‎حکومت نے قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے کہا کہ بیوہ یا بچہ کو گریڈ 3 سے گریڈ 12 تک مناسب آسامی پر بھرتی کیا جاسکتا ہے ۔
‎اگر دو بیوائیں ہوں تو بڑی بیوہ کو ترجیح دی جائے گی ۔
‎جہاں ایک سے زائد آسامیاں موجود ہوں ، وہاں اہل امیدوار کو زیادہ تنخواہ والے گریڈ میں تعینات کیا جاسکے گا ۔
‎یہ کوٹہ پبلک سروس کمیشن کے دائرہ کار سے باہر کی آسامیوں پر لاگو ہوگا ۔

‎چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے نوٹیفیکیشن جاری کر کے تمام محکموں ، کمشنرز ، ڈویژنل افسران اور متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کردیا تاکہ کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے ۔

متعلقہ خبریں۔