
فائل فوٹو
بہت ہو چکا،مزید تذلیل اور ناانصافی برداشت نہیں کر سکتا، قاضی محمد انور کا تحریک انصاف سے استعفی
ایڈوکیٹ قاضی محمد انور نے اپنا تحریری استعفیٰ پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور انصاف لائرز فورم کے چیف آرگنائزر کو ارسال کردیا ہے۔
استعفیٰ میں قاضی انور نے لکھا کہ بس بہت ہو چکا،مزید تذلیل اور ناانصافی برداشت نہیں کر سکتا۔ پارٹی کیلئے طویل قربانیوں اور خدمات کے باوجود مجھے بار بار نظرانداز کیا گیا ہے۔ استعفی کے متن کے مطابق حالیہ پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں انہیں باقاعدہ امیدوار نامزد کیے جانے کے باوجود بھی پارٹی قیادت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور ایسے امیدواروں کی حمایت کی جن کا پارٹی یا آئی ایل ایف سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
استعفی میں قاضی انور نے لکھا کہ پارٹی کے نامزد امیدواروں کو دانستہ طور پر شکست سے دوچار کیا گیا جبکہ پارٹی کے اندر انہیں توہین آمیز خطوط، تحریری احکامات اور تضحیک آمیز رویوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
اس سے نہ صرف ان کی عزتِ نفس مجروح ہوئی بلکہ مسلسل ذہنی دباؤ کے باعث ان کی صحت بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
انھوں نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت، تمام کمیٹیوں، انصاف لائرز فورم کے صدر کے عہدےاور حامد خان کے پروفیشنل گروپ کی رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کر دیا۔









