
میڈیا : سوشل میڈیا
بنگلہ دیش میں اہم عدالتی پیش رفت ، خصوصی ٹریبونل نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف فیصلہ سنا دیا ۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ نے اپنے پندرہ سالہ اقتدار میں عدالتوں کو سیاسی انتقام کا ذریعہ بنایا ، مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے اور بنگلہ دیش میں فسطائی طرزِ حکمرانی کو فروغ دیا ، ان کے مطابق بھارتی سرپرستی کے باوجود شیخ حسینہ نہ نئی نسل کو گمراہ کرسکیں اور نہ ہی اپنی پالیسیوں کو سیاسی حقیقت بنا سکیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج فیصلہ سنانے والا خصوصی ٹریبیونل وہی عدالت ہے جس کے ذریعے شیخ حسینہ کے دور میں بے شمار مذہبی و سیاسی رہنماؤں کو یک طرفہ مقدمات کے بعد سزائیں سنائی گئیں ، جن میں پھانسیاں بھی شامل تھیں ۔
انہوں نے اس صورتحال کو تمام جابرانہ حکومتوں کے لیے ایک تنبیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت اور جھوٹ پر مبنی حکمرانی کبھی پائیدار نہیں رہتی اور انجام بالاآخر سامنے آجاتا ہے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے تمام متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کا اظہار کیا اور بنگلہ دیش میں ترقی ، امن ، خوشحالی اور اسلامی تشخص کے استحکام کے لیے دعا کی ۔










